سرسی، 25 / ستمبر (ایس او نیوز) بی جے پی کی دیہی یونٹ کی صدر، بی جے پی اتر کنڑا کی سابق ضلع صدر اور سابق ضلع پنچایت رکن اوشا ہیگڑے پر بدعنوانی کا جرم ثابت ہونے پر کاروار کی لوک آیوکتہ عدالت کی طرف سے ملزمہ اوشا کو ایک سال قید بامشقت اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ۔
سرسی کے شری نگر علاقے میں آنگن واڑی کارکن کے طور پر خدمات انجام دینے والی اوشا ہیگڑے بعد میں بدن گوڈو سے ضلع پنچایت کی رکن منتخب ہوئی ۔ اس پس منظر میں اوشا پر الزام لگا تھا کہ وہ آنگن واڑی کارکن اور ضلع پنچایت رکن کی حیثیت سے دونوں عہدوں پر فائز رہتے ہوئے دونوں طرف سے تنخواہ حاصل کر رہی تھی اور ضلع پنچایت کے ساتھ آنگن واڑی کے پروگرام اور اجلاس میں شرکت کرتی تھی ۔
بتایا جاتا ہے کہ اوشا ہیگڑے آنگن واڑی میں صحیح طریقے سے ڈیوٹی انجام نہ دیتے ہوئے الاونس حاصل کرنے کے لئے جھوٹی حاضری لگاتی تھی ۔ اس طرح اس نے جنوری 2011 سے نومبر 2012 آنگن واڑی کارکن کی حیثیت سے الاونس کے طور پر 88,630 روپے حاصل کیے اور حکومت کے ساتھ دھوکہ دہی کا معاملہ کیا ۔
بی جے پی لیڈر اوشا ہیگڑے کے خلاف معاملے کی سماعت کرنے والے ضلع چیف اینڈ سیشنس کورٹ کے جج وجئے کمار نے اوشا پر بدعنوانی جرم ثابت ہونے کے بعد سزا سنائی ۔